ڈیرہ اسماعیل خان؛پولیس کے مطابق، 18 جون کی رات ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈیرہ ٹاؤن پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع کھتی چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں چیک پوسٹ کی عمارت جزوی طور پر تباہ ہو گئی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت شدید دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ ان کے مطابق، دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ایسا معلوم ہو رہا تھا جیسے عمارت کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا ہو۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضیاء الدین نے میڈیا کو بتایا ہے کہ پولیس نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا، جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے رات دیر تک آپریشن کیا اور چیک پوسٹ کو دوبارہ اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جوابی کارروائی کے دوران حملہ آوروں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کے بارے میں ابھی تک حتمی معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں۔
یہ علاقہ ڈیرہ اسماعیل خان شہر سے تقریبا 21 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں ژوب روڈ پر واقع ہے، جو بلوچستان سے آنے والے غیر قانونی سامان کی روک تھام میں ایک بڑی رکاوٹ سمجھا جاتا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد پولیس کے اس مرکز میں داخل ہوئے اور اس کے بعد عمارت کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


