خیبر پختونخوا کے علاقے باڑہ میں اراضی تنازعہ خونی تصادم میں تیدیل ہو گیا، اس تنازعہ پر دو بھائیوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، دو افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعہ باڑہ کے نواحی علاقے برقمبرخیل امن چوک میں پیش آیا جہاں دو بھائیوں بادشاہ اور اصغر کے درمیان مشترکہ جائیداد پر تنازعہ چل رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق جائیداد پر قبضے کی کوشش کے دوران پہلے ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ شروع ہو گئی۔
باڑہ میں اراضی تنازعہ پر ہونیوالی فائرنگ کے نتیجے میں اصغر کا بیٹا منصف، مسماۃ (ش) زوجہ اصغر اور فرہاد ولد بادشاہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
جبکہ اس موقع پر اصغر اور اس کی بیٹی مسماۃ (ج) زخمی حالت میں ڈوگرہ ہسپتال منتقل کیے گئے جہاں سے انہیں تشویشناک حالت کے باعث پشاور ریفر کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی افراد نے صورتحال پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا۔
باڑہ میں اراضی تنازعہ پر خاتون سمیت 3 افراد قتل، فائرنگ سے 2 افراد زخمی
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔
