بنوں : بنوں میں آج دوپہر تقریبا ڈھائی بجے، ڈومیل کے علاقے برام خیل میں انڈس ہائی وے پر سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ایک زور دار حملہ ہوا ہے۔حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا یہ قافلہ پشاور سے بنوں جا رہا تھا۔ زرائع کے مطابق راستے میں نصب شدہ بارودی مواد کے پھٹنے سے دھماکہ ہوا جس سے سیکیورٹی فورسز کے تین اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جبکہ باقی خطرے سے باہر ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے فورا بعد ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دھماکے کے باعث انڈس ہائی وے پر ٹریفک کی روانی بھی کچھ دیر کے لیے معطل رہی۔یاد رہے کہ رواں ماہ اسی علاقے کے ایک پولیس تھانے پر ہونے والے خودکش حملے میں ایک ہی گھر کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔


