ٹانک: سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 15 اہلکار شہید؛ ضلع بھر میں کرفیو نافذ

فاروق

ٹانک:پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں جمعرات کی شب سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی ایک مشترکہ چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے خودکش حملے میں 15 اہلکار شہید جبکہ 27 زخمی ہو گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ واقعہ مین ٹانک ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ پر واقع مانجھی خیل چیک پوسٹ حدود تھانہ صدر پر پیش آیا، جہاں حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ سے ٹکرا دی۔

واقعے کے فورا بعد سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پورے ضلع ٹانک میں دفعہ 144 کے تحت کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بارود سے بھری گاڑی ٹکرانے سے پولیس پوسٹ کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔۔

مقامی زرائع کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز کی موثر جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور ہلاک ہو گئے۔

سرکاری تصدیق کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے 15 اہلکاروں میں سیکیورٹی فورسز کے 12، پولیس کے 2 اور محکمہ جنگلات کا 1 اہلکار شامل ہے۔ تمام زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر نزدیک واقع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر حصار میں لے کر کلیئرنس اور وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز ٹانک میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جہاں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی دی اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نمازِ جنازہ میں خیبر پختونخوا کے آئی جی پولیس، چیف سیکرٹری اور وزیرِ اعلیٰ کے معاونِ خصوصی طارق سعید مروت سمیت دیگر اعلیٰ ملٹری و سول حکام نے شرکت کی۔
بعد ازاں اعلیٰ حکام نے ہسپتال کا دورہ کر کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور طبی عملے کو انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

فی الوقت سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر صحافیوں اور عام شہریوں کی جائے وقوعہ تک رسائی پر پابندی عائد ہے۔

جمعہ کی صبح ضلع کی مساجد سے انتظامیہ کے اعلانات کے ذریعے شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اگلی اطلاع تک اپنے گھروں میں رہیں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے