جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ کے علاقے احمد وام میں کوچی (پیوندہ)خاندان کے خیمے پر مارٹر گولہ گرنے سے 2خواتین اور ایک بچی جاں بحق جبکہ 5افراد زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان پتھریلی زمین پر عارضی خیموں میں رہائش پذیر تھا کہ اچانک مارٹر گولہ خیمے پر آ گرا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا اور خیمے میں موجود افراد شدید متاثر ہوئے۔واقعے کے فوری بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
زخمیوں میں بچے، خواتین اور مرد شامل ہیں، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے کی نوعیت اور مارٹر گولہ گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔


