وانا:لوئر جنوبی وزیرستان کے ضلعی ہیڈ کوارٹر وانا میں احمد زئی وزیر قبائل کا تیسرا قومی امن جرگہ منعقد ہوا ہے، جس میں قبائلی رہنماؤں، علماء، سیاسی و سماجی شخصیات اور علاقے کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جرگے کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے وانا بازار بند رہا اور شہر کی بیشتر تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں۔
جرگے سے خطاب کے دوران قبائلی رہنماؤں، سیاسی و سماجی کارکنوں اور قومی اسمبلی کے رکن زبیر وزیر نے کہا کہ جنوبی وزیرستان گزشتہ دو دہائیوں سے ناامنی اور جنگوں کے اثرات کا شکار ہے، جس کی وجہ سے علاقے کی سماجی اور اقتصادی زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔ مقررین نے کہا کہ علاقے میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا، دھماکے اور فائرنگ کے واقعات لوگوں کی تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوگوں کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔
جرگے کے اختتام پر ایک مشترکہ قرارداد منظور کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ جرگے کا اگلا اجلاس 20 جون کو ہوگا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اگلے جرگے میں تمام قبائلی رہنماؤں کی شرکت لازمی ہے اور بغیر کسی ٹھوس وجہ کے شرکت نہ کرنے کی صورت میں قبائلی روایات کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


