خیبر پختو نخوا میں 8 سے 11 جون تک شدید گرمی کی لہر کا امکان،الرٹ جاری

فاروق
فائل فوٹو

پشاور : صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبے کے مختلف اضلاع میں 8 سے 11 جون 2026 تک شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کے امکانات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 8 جون سے بالائی فضا میں ہوا کا زیادہ دباؤ قائم ہونے کا امکان ہے جو 11 جون تک برقرار رہے گا، جس کے باعث صوبے کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، ہری پور، مہمند ، باجوڑ ، خیبر ، ہنگو، شمالی وزیرستان اور کوہاٹ میں درجہ حرارت 41 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

اسی طرح چترال، دیر، سوات، شانگلہ ، بونیر ، ملاکنڈ ، ایبٹ کوہستان کولئی پالس، بٹگرام، تور غر ، مانسہرہ، اور کزئی، کرم اور جنوبی وزیرستان میں درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو عوامی آگاہی مہم چلانے، ہیٹ اسٹروک سینٹرز اور کولنگ پوائنٹس فعال رکھنے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے اور ہنگامی طبی سہولیات کو الرٹ رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں اور بچوں ، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔کسانوں کو موسمی صور تحال کے پیش نظر زرعی سر گرمیوں اور مویشیوں کی دیکھ بھال کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو ممکنہ آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کا ایمر جنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے