ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈیرہ ٹانک روڈ پر تھانہ ہتھالہ کی حدود میں کلاچی کے ڈی ایس پی کفایت اللہ مروت کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں فوری علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم زخمی کانسٹیبل سعید کنڈی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہی واقعہ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور فارم کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق ڈیرہ ٹانک روڈ پر پولیس گاڑی پر حملہ کے اس واقعہ میں ڈی ایس پی کفایت اللہ مروت سمیت اے ایس آئی محمد نعمان، ایکس سروس مین غلام ہاشم، غلام سعید اور لیڈی کانسٹیبل امبر زخمی ہوئے ہیں، حملے کے نتیجے میں پولیس کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
واقعے کے فوری بعد زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے ٹراما سنٹر، ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد دی گئی، تاہم علی امین فارم کے قریب ہونے والے اس دلخراش واقعے میں کانسٹیبل سعید کنڈی جامِ شہادت نوش کر گئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے ڈیرہ ٹانک روڈ اور گردونواح میں سکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔
پولیس کی جانب سے حملے میں ملوث ملزمان کی تلاش کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ واقعے کے محرکات اور حملہ آوروں سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی تھی، جس سے ڈی ایس پی کفایت اللہ سمیت 5 اہلکار زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا تھا جہاں علاج کے دوران کانسٹیبل سعید کنڈی چل بسے، شہید سعید کنڈی ڈی ایس پی کفایت اللہ کے گنر تھے اور ان کا تعلق گاؤں پائی ضلع ٹانک سے تھا۔
ڈی ایس پی کفایت اللہ اور دیگر زخمی اہلکار ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں جبکہ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے.
یاد رہے کہ نامعلوم افراد کی اچانک فائرنگ سے ڈی ایس پی کلاچی کی گاڑی بے قابو ہوکر الٹ گئی تھی، فائرنگ کے تبادلہ کے بعد اعجاز شہید پولیس لائن سے مزید نفری بھیج دی گئی ہے۔

