وانا:جنوبی وزیرستان لوئر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، اغواء برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور دیگر ناخوشگوار واقعات کے خلاف وانا میں ایک اہم وزیرستان قومی امن جرگہ منعقد ہوا،جس میں ضلع سے تعلق رکھنے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان، قبائلی مشران، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، نوجوانوں اور معاشرے کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جرگے کے شرکاء نے علاقے میں پائیدار امن کا مطالبہ کیا اور کہا کہ امن برقرار رکھنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقے کے رہائشی بدامنی کی وجہ سے متعدد مشکلات سے دوچار ہیں اور حکومت کو امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
جرگے کے دوران جنوبی وزیرستان لوئر سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عجب گل نے وزیرستان ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اس جرگے اور اپنے مشرانو پر پورا بھروسہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سالوں میں بھی علاقائی سطح پر ایسی عوامی کوششیں کی گئی تھیں جو امن کے قیام میں اہم کردار ثابت ہوئی اوراگر ایک بار پھر اسی حکمت عملی کو اپنایا جائے تو علاقے میں امن کی بحالی ممکن ہے۔
رکن قومی اسمبلی زبیر وزیر نے وزیرستان ٹائمز کو بتایا کہ سڑکوں کی خراب صورتحال، ڈرون حملے، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اس جیسے دیگر مسائل حکومت اور ریاست کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں، لیکن ان شعبوں میں ریاست کے اقدامات کافی نہیں ہیں۔
جرگے میں مشترکہ طور پر اعلان کیا گیا کہ 10 جون کو ایک اور جرگہ منعقد کریں گے، جس میں موجودہ حالات کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے اور عوامی مؤقف سمیت آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔


