جنوبی وزیرستان وانا کے علاقے گل کچ میں اراضی کے تنازعے پر دو فریقین کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ توئی خلہ کی حدود میں پیش آیا، جہاں منظور شدہ سڑک کی اراضی کے تنازعے نے خونریز تصادم کی شکل اختیار کی اور دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پانچ افراد بحق ہوئے جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔
جاں بحق افراد میں اللہ داد، مصطفی، قاری ظہیر، نعمت، سدو، شامل ہیں جبکہ محمد عالم اور ایوب زخمی ہوئے ہیں واقعے میں زخمی ہونے والے دو افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا ہے۔
علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے، جبکہ انہوں نے پولیس کی جانب سے بروقت اقدامات نہ اٹھانے پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔
دوسری جانب پولیس ڈی ایس پی اصغر علی شاہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔


