تباہ شدہ مکانات کا سروے کینسل کرنا قبائلی عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے

ٹانک : جنوبی وزیرستان کے سرکردہ عمائدین ملک سیف الرحمن محسودملک رفیع الدین برکی ،ملک کرامت اللہ محسود اور دیگر عمائدین نے پولیٹیکل کمپاؤنڈ جنوبی وزیرستان ٹانک میں منعقدہ گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنر ڈیرہ اسمعیل خان نے قبائلیوں کے تباہ شدہ مکانات کافیز فور کا سروے کینسل کرکے قبائلی عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے۔گورنر کے پی اور کور کمانڈر پشاور تباہ شدہ مکانات کے فیز فور کا سروے بحال کرکے غریب قبائلی عوام کے زخموں پر مرہم پٹی کریں۔مقررین کا کہناتھا کہ جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف اکتوبر 2009ء میں بڑے پیمانے پر پاک فوج کے آپریشن کے دوران جنوبی وزیرستان کے محسود اور برکی قبائل کے علاقوں کے بیشتر مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ حکومت نے ان متاثرین کے تباہ شدہ مکانات کا معاوضہ دینے کے لئے سروے شرو ع کیا ۔سروے میں پاک فوج ،پولیٹیکل حکام ،محکمہ بلڈنگ کے انجینئر کے علاوہ علاقے کے عمائدین بھی شامل تھے۔ ان کا کہناتھاکہ سروے کو فیز ون ،فیز ٹو اور فیز تھری اور فیز فور کا نام دیکر شروع کیاگیا تھا ۔فیز ون ،فیز ٹو اور فیز تھری بخیریت مکمل ہوگئے ۔جبکہ فیز فور میں دو خاندانوں کے درمیان باہمی چپقلش اور سروے پر اعتراض کرکے درخواست دی گئی۔کمشنرڈیرہ اسمعیل خان نے فیز فور کا تمام سروے کینسل کر دیا ۔ قبائلی عمائدین نے فیز فور سروے کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔