ڈیرہ اسماعیل خان میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث 8 افراد جاں بحق اور 52 زخمی ہوگئے۔

فاروق

ڈیرہ اسماعیل خان میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث 8 افراد جاں بحق اور 52 زخمی ہوگئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے گرد و نواح میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں نے تباہی مچادی ہے، طوفانی ہواؤں سے چھتیں دیواریں ،درخت، بل بورڈز، سولر پینل گرنے کے درجنوں واقعات پیش آئے۔جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 52زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار 24 اگست کی دن 12 بجے تک کی سرکاری رپورٹ میں جاری کیے گئے ہیں

رپورٹ کے مطابق، جاں بحق ہونے والوں میں سے 5 کا تعلق تحصیل ڈیرہ اسماعیل خان سے جبکہ 3 کا تعلق تحصیل پہاڑپور سے ہے۔ زخمیوں میں سے 46 کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور 6 کو مفتی محمود ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
زخمیوں کی حالت کے بارے میں ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے جو کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ اس کے علاوہ 6 مریضوں کو زیرِ مشاہدہ رکھا گیا ہے جبکہ 43 افراد کو معمولی چوٹوں کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عبدالناصر خان نے جاں بحق اور زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے وزیرستان ٹائمز کو بتایا کہ ابتک جو فیلڈ سے معلومات اکٹھی کی گئی اسکے مطابق 8 افراد جاں بحق جبکہ 52 زخمی ہوئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نے رات بارش کے دوران ہنگامی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈی پی او کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ، ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا اور نکاسی آب کے نظام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فوری طور پر شہر سے پانی نکالنے اور مزید نقصانات سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے امدادی کارروائیوں اور بجلی کی بحالی کے کاموں کا بھی معائنہ کیا اور جاری کام کو تیز کرنے کے احکامات بھی جاری کیے

ضلعی انتظامیہ کے مطابق تاحال ضلع کی دیگر تحصیلوں، بشمول کلاچی، درازندہ، پروا اور درابن سے کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے