جنوبی وزیرستان لوئر میں قبائلی رہنما ملک ہاشم توجئے خیل کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے
پولیس کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملک ہاشم وانا بازار سے اپنے آبائی علاقے وچہ دانا جا رہے تھے۔ راستے میں، دژہ غونڈئی کے مقام پر مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روکا اور انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔
خاندانی ذرائع نے بتایا ہے کہ اغوا کے بعد سے ان کی تلاش کی جا رہی ہے، لیکن ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ مقامی افراد نے حکومت، سول انتظامیہ اور پولیس سے فوری طور پر ملک ہاشم کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی وزیرستان لوئر میں گذشتہ ہفتے اسی ہی علاقے میں ایک اور قبائلی رہنما پر حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ حملہ آورں کے دو افراد مقابلے میں مارے گئے تھے، اس کے علاوہ گذشتہ ہفتے وانا بازار میں پولیس کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں تین شہری جاں بحق اور دو پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ، گزشتہ روز تحصیل برمل میں بھی فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک عالم دین جاں بحق ہو گئے تھے۔
