خیبر پختونخوا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق، بارشوں اور تیز ہواؤں کی وجہ سے گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 7 افراد جاں بحق اور 33 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے، 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، 12 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ واقعات بنوں، شانگلہ اور مانسہرہ کے اضلاع میں پیش آئے۔ادارے کے مطابق، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مل کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد امدادی سامان پہنچائیں اور امدادی کاموں کو مزید تیز کریں

