جنوبی وزیرستان لوئرکے علاقے کڑی کوٹ بازار کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے معروف قبائلی رہنما ملک جمیل وزیر کے دو بیٹے نوید وزیر اور معین الدین وزیر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق وانا تھانہ سٹی پولیس سٹیشن کی حدود کڑی کوٹ بازار میں دونوں بھائی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر اپنے گھر سے بازار کی طرف جا رہے تھے کہ گھات لگائے بیٹھے حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔فائرنگ کے اس واقعے میں ایک راہگیر بھی زخمی ہوا۔
پولیس ڈی ایس پی اصغر علی شاہ کے مطابق مقتولین کی لاشوں اور زخمی راہگیر کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
واقعے کے بعد حملہ آور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے
یاد رہے کہ ماضی میں بھی ملک جمیل پر متعدد حملے ہوچکے ہیں اور ایک اور بم حملے میں ملک جمیل وزیر کا ایک بیٹا جاں بحق اور وہ خود شدید زخمی ہوئے تھے۔
ملک جمیل وزیر، احمدزائی وزیر قبائل کی زلی شاخ توجیے خیل کے چیف ملک ہیں


