لکی مروت :تھانہ پیزو کی حدود میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو شہید کر دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق، تھانہ سٹی ٹانک میں بطور محرر فرائض سر انجام دینے والے اے ایس آئی ممتاز علی چھٹی گزارنے اپنے آبائی گاؤں جابو خیل لکی مروت آئے ہوئے تھے۔ جب وہ واپس اپنی ڈیوٹی پر جا رہے تھے تو ٹانک پیزو روڈ پر وانڈہ جوگی کے قریب نامعلوم افراد نے انہیں گاڑی سے اتار کر فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ شہید اہلکار کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔


