جنوبی وزیرستان میں محسود اور برکی قبائل کا گرینڈ جرگہ: محسود قبائل کا دیرینہ مطالبہ منگروٹی تا گربز شاہراہ پر کام کا اعلان
جنوبی وزیرستان کے علاقے سپنکئی رغزئی میں محسود اور برکی قبائل کے عمائدین کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ)، میجر جنرل مہر عمر خان نیازی نے خصوصی طور پرشرکت کی۔ اس موقع پر سینیٹر دوست محمد، سابق سینیٹر صالح شاہ اور ملک نور خان سمیت دیگر قبائلی عمائدین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
جرگہ کے دوران، آئی جی ایف سی (ساؤتھ) میجر جنرل مہر عمر خان نیازی نے محسود قبائل کے دیرینہ مطالبے منگروٹی تا گربز افغانستان شاہراہ پر جلد کام شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اس اعلان پر عمائدین نے کئی سالوں سے زیر التواء مطالبہ پورا کرنے پر آئی جی ایف سی ساوتھ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
عمائدین نے دیرپا امن کے قیام کے لیے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ‘فتنہ الخوارج’ کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔
آئی جی ایف سی میجر جنرل مہرعمرخان نیازی نے قبائلی عوام کی قربانیوں کو سراہا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک دشمن عناصر کے منفی پروپیگنڈے سے دور رہیں۔ انہوں نے علاقے میں پائیدار امن کے لیے قبائلی عمائدین کے کردار کو بھی سراہا۔

جرگہ کے بعد ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں میجر جنرل مہر عمر خان نیازی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے مقامی افراد کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں انعامات تقسیم کیے۔ اس کے علاوہ، "بابائے صحافت فاٹا” مرحوم سیلاب محسود کی خدمات کے اعتراف میں آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل مہر عمرخان نے خصوصی ایوارڈ دیا جسکو محسود پریس کلب کے صدر فاروق محسود نے وصول کیا


