خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے جبکہ لکی مروت میں مسلح افراد کے حملے میں ڈیوٹی پر جانے والے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سجاد خان کے بیان کے مطابق پولیس اور سی ٹی ڈی نے تحصیل دومیل میں مجرموں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا، جس کے دوران دونوں جانب سے 20 منٹ سے زائد وقت تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’فائرنگ کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جب کہ ان کے ساتھی اندھیرے اور قریبی جھاڑیوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے‘۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت حسین احمد اور انعام عرف تورو کے طور پر ہوئی ہے، جو شمالی وزیرستان کے علاقے حیدر خیل کے رہائشی تھے۔
پولیس افسر کے مطابق یہ دونوں دہشت گرد کئی بڑے حملوں اور بم دھماکوں میں ملوث تھے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے دو اے کے47 رائفلیں، 4 ہینڈ گرینیڈ، 6 میگزین، 150 گولیاں اور 2 موبائل فونز برآمد کیے۔
دہشت گرد انعام متعدد واقعات میں پولیس اہلکاروں پر حملے اور قتل کے 5 مقدمات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کو مطلوب تھا، جب کہ حسین احمد دہشت گردی کے 3 مختلف واقعات میں مطلوب تھا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی بنوں میں پولیس، سی ٹی ڈی اور پاک فوج کے مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔
دریں اثنا، لکی مروت میں لونگ خیل سڑک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار 2 ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہوگئے، شہید اہلکار ڈیوٹی کے لیے تاجہ زئی اڈہ جا رہے تھے، نامعلوم مسلح افراد شہدا کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے ۔