وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا سی ایم ایچ پشاورکا دورہ کیا اور خودکش حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی عیادت کی۔ علی امین گنڈا پور نے دھماکے کے زخمیوں اور شہدا کے ورثا کو صوبائی حکومت کی طرف سے بھر پور پیکج دینے کا اعلان کیا۔
سی ایم ایچ پشاور میں شمالی وزیرستان میں خودکش حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈا پور نے زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کو گلدستے پیش کیے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جواں مردی سے خودکش حملہ ناکام بنایا، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
وزیراعلٰی خیبر پختون خوا نے دھماکے کے زخمیوں اور شہدا کے ورثا کو صوبائی حکومت کی طرف سے بھر پور پیکج دینے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی کے مشیر برائے اطلاعات، چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بھی ہمراہ تھے۔