جنوبی وزیرستان سراروغہ،غیراعلانیہ کرفیوکے خلاف احتجاج

فاروق
سابق سینٹر و سیاسی اتحاد سربراہ صالح شاہ احتجاجی مظاہرے شرکاء سے خطاب کررہے ہیں

جنوبی وزیرستان: سراروغہ میں آل سیاسی اتحاد کا احتجاجی مظاہرہ، غیر اعلانیہ کرفیو کےخاتمے سمیت چیک پوسٹس پر بے جا تنگ کرنے، سراروغہ ہسپتال فعال کرنے سمیت اہم مطالبات پیش ۔

جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے سراروغہ گراؤنڈ میں آل سیاسی اتحاد کے زیر اہتمام مطالبات کے حق میں پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر غیر اعلانیہ کرفیو کے خاتمے، مختلف مقامات پر قائم انٹری پوسٹوں کے خلاف اور آبادی پر مارٹر گولے گرنے کے واقعات کی روک تھام کے مطالبات درج تھے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ علاقے میں آئے روز غیر اعلانیہ کرفیو کے نفاذ کے باعث عوام کے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کاروباری سرگرمیاں، تعلیم اور روزمرہ نقل و حرکت مسلسل مشکلات کا شکار ہیں جبکہ جگہ جگہ قائم انٹری پوسٹوں کی وجہ سے شہریوں کو اضافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مقررین نے الزام عائد کیا کہ علاقے سے متعلق اہم فیصلے مقامی سیاسی قیادت اور عوامی نمائندوں سے مشاورت کے بغیر کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث عوام میں بے چینی اور تحفظات بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقامی مسائل کے حل اور امن و استحکام کے قیام کے لیے مقامی آبادی کو اعتماد میں لیا جائے۔احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے کہا کہ آبادی پر مارٹر گولے گرنے کے واقعات سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے اور قیمتی جانوں و املاک کو خطرات لاحق ہیں۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی فوری روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔مظاہرین نے اپنے مطالبات کی منظوری تک پُرامن جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے