دو فٹ کے ’بوبو‘ کی 6 فٹ کی فوزیہ کیساتھ شادی محبت کی اعلیٰ مثال

dANGUE-780x405-2.jpg

ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں شادی کی ایک ایسی تقریب منعقد ہوئی جس میں برہان چشتی عرف بوبو اور فوزیہ پر مشتمل پاکستانی جوڑے نے اس بات کا ثبوت دیا کہ محبت انسان کی شخصیت اور کردار سے کی جاتی ہے نہ کہ اس کی جسمانی بناوٹ سے۔

برہان چشتی جنہیں ان کی اہلیہ فوزیہ پیار سے بوبو بلاتی ہیں، کا قد 2 فٹ ہے جب کہ فوزیہ کا قد 6 فٹ ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کی شادی کی تقریب کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوگئی اور جوڑا دیکھتے ہی دیکھتے عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

اوسلو میں پاکستانی جوڑے کے ولیمے کی تقریب میں 13 مختلف ممالک سے لوگوں نے شرکت کی۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اس جوڑے کے ولیمے کی تقریب کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جسے لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے ناصرف دیکھا بلکہ خوب پسند بھی کیا۔

بوبو کی شادی کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں بوبو کو اپنے دوستوں کے ساتھ پنجابی گانوں پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بوبو اپنی شادی پر بے حد خوش ہیں۔

برہان چشتی کی اہلیہ فوزیہ کا تعلق پاکستان کے صوبے پنجاب کے ضلع پاکپتن سے ہے۔

فوزیہ کا کہنا ہے کہ وہ برہان چشتی سے بے انتہا محبت کرتی ہیں اسی لیے انہیں پیار سے بوبو پکارتی ہیں، یہی نہیں فوزیہ نے اپنے شوہر سے محبت جتانے کے لیے اپنے ہاتھ پر ’بوبو‘ کا نام بھی لکھوا رکھا ہے۔

دونوں کی شادی کو سوشل میڈیا پر بے حد سراہا جا رہا ہے وہیں بوبو کے دوستوں نے بھی ان دونوں لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ برہان چشتی پیدائشی طور پر پولیو کے مرض میں مبتلا ہیں لیکن اِس بیماری کے باوجود بوبو سوشل میڈیا پر فعال رہتے ہیں اور ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مشہور شخصیات کے ساتھ ملاقاتوں کی تصاویر بھی موجود ہیں۔