ڈینگی وائرس پرقابو پانے کے لیے مساجد کی خدمات لینے کا فیصلہ

dANGUE-780x405.jpg

ڈینگی وائرس پر قابو پانے کے لیے خیبر پختونخوا کی حکومت نے مساجد کے خطیبوں اورآئمہ کرام کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملک بھر سے 10 ہزار سے زائد افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے اور حکومت اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

خیبر پختونخوا میں بھی رواں برس اب تک 2500 سے زائد افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے خطیبوں اور آئمہ مساجد کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی جانب سے صوبہ بھر کے خطیبوں اور آئمہ کرام کو خط بھیجا گیا ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ لا علمی کے باعث ڈینگی بخار تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے، اس سے بچاؤ کی آگاہی مہم میں صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کام کر رہا ہے۔

خط میں درخواست کی گئی کہ مساجد میں بھی عوام کو ڈینگی بخار سے بچاؤ سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔