خیبرپختونخوا حکومت نے قبائلی ضلع خیبر میں انصاف روزگار سکیم کا افتتاح کردیا

wheelc_noun_001_19189-1.jpg

جمرود تحصیل میں سکیم کا افتتاح کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جگھڑا کا کہنا تھا کہ سکیم کے تحت قبائلی جوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کئیے جائیں گے۔

وزیرخزانہ کے مطابق سکیم کے لئے پہلے مرحلے میں ایک ارب روپے مختص کئیے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی ایک ارب اور تیسرے مرحلے میں صوبہ سمیت قبائلی اضلاع کے لئے 5 ارب مختص کئیے جائیں گے۔

اس موقع پر خیبربینک کے منیجنگ ڈائریکٹر سیف الاسلام نے کہا کہ 18 سال سے 50 سال کے عمر تک کے شہری قرضہ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے جبکہ قرضے کا حجم 50 ہزار سے لیکر 10 لاکھ تک ہوگا۔

بعدازاں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی زیر صدارت پاک افغان طورخم بارڈرکے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہوا جس میں فنانس سیکرٹری شکیل قادر، ڈپٹی کمشنر خیبر محمود اسلم وزیر، این ایل سی کے کرنل ریٹائرڈ افتخار، ایف سی کے کرنل فیصل، کسٹم ایڈیشنل کلکٹر احسن علی، ایف آئی اے حکام، اے سی لنڈی کو تل محمد عمران اور ڈی ایس پی سوالزار خان نے شرکت کی۔

اجلاس میں طورخم بارڈرکو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے حوالے سے اہم امور پربات چیت کی گئی اور متعلقہ اداروں نے وزیر خزانہ کو سٹاف سمیت کئی اہم مسائل سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم کے مشیر کے ساتھ اس حوالے سے اسلام آباد میں اہم میٹنگ منعقد کرینگے جس کے بعد طورخم بارڈر پر متعلقہ اداروں میں سٹاف کی کمی سمیت اہم مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ پاک افغان طورخم سرحد پر تجارت کے فروغ اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے بروقت اقدامات کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس میں سرحد کا دورانیہ بڑھانے کیلئے سٹاف کی کمی، کسٹم کے حوالے سے مسائل، ایف بی آر، ایف آئی اے، وزارت داخلہ اور بارڈر کے دیگر اہم مسائل اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر افغانستان کے ساتھ تجارت کی بہترین راہداری ہے جس میں غریب عوام کیلئے روزگار کے بے شمار مواقع میسر آئینگے جس کیلئے مزید بہتری پیدا کرنے کی کوشش کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ طورخم سرحد پر پیدل چلنے والے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کی سہولت کیلئے بھی اقدامات اٹھائیں گے اور افغانستان میں کھڑی گاڑیوں کیلئے افغان حکام سے بات کرینگے۔

اجلاس کے بعد وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے لنڈی کوتل جرگہ ہال میں پی ٹی آئی رہنماؤں، نوجوانوں اور قومی مشران کے مسائل سنے اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے حاضرین کو یقین دلایا کہ قبائلی اضلاع پسماندہ ہیں اور صوبائی حکومت خلوص نیت کے ساتھ کوششیں جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تھوڑا وقت دیجئے عوام کو ہمارا ساتھ دینا چاہئے ہم عوام کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔