گرل فرینڈ کو قتل کرنے کے الزام میں قید کاٹ کر نکلنے والا شخص ارب پتی بن گیا

5c73eab413a50.jpg

دنیا بھر میں کچھ ایسے عدالتی کیسز بھی ہوتے ہیں جو کئی دہائیوں تک زیر سماعت رہتے ہیں اور آخر میں ان کا نتیجہ دنیا کو حیران کردینے والا ہوتا ہے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں بھی ایک ایسے ہی کیس کا انجام سب کو حیران کردینے والا نکلا ہے۔

کیلیفورنیا کے چھوٹے سے شہر سیمی ویلی میں ایک شخص اپنی گرل فرینڈ اور اس کے معصوم بچے کو قتل کرنے کے الزام میں 40 سال تک جیل میں قید رہا، تاہم اب اسے بے گناہ قرار دے کر رہا کردیا گیا ہے۔

قتل کے جرم سے آزاد ہونے کے بعد اب اس شخص کی عمر 71 برس ہوچکی ہے، تاہم ساتھ ہی شہری حکومت نے بے قصور ہونے اور چار دہائیوں تک جیل میں قید رہنے کے عوض اس کے ساتھ بھاری رقم دینے کی ڈیل کرلی۔

امریکی اخبار ’لاس اینجلس ٹائمز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 71 سالہ کریگ گوری نے لگ بھگ دہائیوں تک دوہرے قتل کے الزام میں قید کی سزا کاٹی۔

رپورٹ کے مطابق کریگ گوری کو 1978 میں اپنی 24 سالہ گرل فرینڈ اور اس کے 4 سالہ بچے کو ان کے ہی اپارٹمنٹ میں قتل کرنے کا الزام تھا اور انہیں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔

اگرچہ کریگ گوری کے جیل میں چلے جانے کے بعد ان کے والدین نے کئی سال تک عدالتوں میں قانونی جنگ بھی لڑی، تاہم وہ قانونی جنگ لڑتے لڑتے چل بسے اور کریگ قید میں ہی رہ گئے۔

تقریبا 39 سال تک کریگ جیل میں قید رہے اور حکومت اور تفتیشی ادارے ان کے خلاف قتل کے ٹھوس شواہد پیش نہ کر سکے۔

شہری حکومت نے 2 سال قبل ہی اس کیس کو نمٹانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے اور جائے وقوع اور ملزم کا دوبارہ ڈی این اے کرایا گیا۔

ڈی این اے کے نتائج ملزم کے نشانات سے نہ مل سکے اور تفتیشی اداروں اور عدالت نے کریگ گوری کو 2017 میں ہی بے قصور قرار دے دیا تھا۔

ریگ گوری کے خلاف ٹھوس شواہد نہ ملنے کے بعد انہیں رہا کردیا گیا اور شہری حکومت نے انہیں فوری طور پر 20 لاکھ امریکی ڈالر کی امداد بھی دی تاکہ وہ نئے سرے سے زندگی شروع کر سکیں۔

تاہم اب شہری حکومت اور کریگ گوری کے درمیان 39 سال تک بے گناہ قید کاٹنے کے معاملے پر معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت مقامی حکومت 71 سالہ شخص کو 2 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 2 ارب روپے سے زائد تک کی رقم فراہم کرے گی۔

شہری حکومت نے کریگ گوری کی 39 سال تک قید کی سزا پر افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ پیسے ان کی زندگی کے دنوں کو واپس نہیں لا سکتے اور کوئی بھی رقم ان کی تکالیف کا ازالہ نہیں کرسکتی، تاہم حکومت انہیں نئی زندگی شروع کرنے کے لیے خطیر رقم ادا کرے گی۔

خیال رہے کہ جس وقت کریگ گوری کو گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا تھا اس وقت ان کی عمر 30 سال سے کم تھی۔

ان کی گرل فرینڈ کی عمر 24 سال تھی، جسے ان کے 4 سال بچے کے ساتھ قتل کردیا گیا تھا۔

ماں اور بچے کے دوہرے قتل کا واقعہ سیمی ویلی میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا، جس نے شہر بھر کو خوف زدہ کردیا تھا۔

اس شہر کی حالیہ آبادی ایک لاکھ افراد سے بھی کم ہے۔